بشریٰ بی بی ، عمران خان وی آئی پی انداز میں جیل کاٹ رہے ہیں:عظمی بخاری
جھوٹ بولنا اور سنسنی خیز خبریں بنوانا بشری بی بی کا پرانا شوق ہے
لاہور: مریم نواز کو عمران خان کے دور حکومت میں جن اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا بشریٰ بی بی ان سب سے محفوظ ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے برسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ خبروں میں رہنے کا یہ بہت بھونڈا طریقہ ہے۔ جھوٹ بولنا اور سنسنی خیز خبریں بنوانا بشری بی بی کا پرانا شوق ہے۔
بشری بی بی انڈے کھائیں، مرغی کھائیں یا یخنی پلاؤ کھائیں مریم نواز کو کوئی پرواہ نہیں۔ مریم نواز کے فرشتوں کو بھی خبر نہیں بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل کے کس سیل میں ہیں۔
بشریٰ بی بی کو جیل میں ان کے شوہر عمران خان کی طرح بی کلاس دی گئی ہے۔ مریم نواز کو عمران خان کے دور حکومت میں جن اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا بشریٰ بی بی ان سب سے محفوظ ہیں۔
عظمی بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل اور نیب کے عقوبت خانے میں جن حالات میں رکھا گیا وہ بشریٰ بی بی کی خواہش پر تھا۔
مریم نواز نے جیل کی سختیاں برداشت کرلیں لیکن کبھی عورت کارڈ استعمال نہیں کیا۔ بشریٰ بی توشہ خانہ کے تحائف چوری کرنے اور 190 ملین پاؤنڈ کی بندر بانٹ کرنے کے جرم میں جیل میں ہیں۔
ان دونوں میاں بیوی کو جیل جو سہولیات میسر ہیں ایک آزاد شہری اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔ بشریٰ بی بی اور عمران خان وی آئی پی انداز میں جیل کاٹ رہے ہیں۔