Featuredسندھ

عالم اسلام کا اتحاد و یکجہتی اسرائیل کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردے گا : الاقصیٰ ملین مارچ

قائد اعظم کے فرمان کے مطابق اسرائیل ناجائز ریاست ہے اسے کسی طور پر بھی تسلیم نہیں کیا جاسکتا ، حافظ نعیم

کراچی:  7 اکتوبر کو یوم یکجہتی غزہ منایا جائے گا ، اسرائیل کی قسمت میں تباہی وبربادی ہے اور قبلہ اول ضرور آزاد ہوگا۔

غزہ میں اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کا ایک سال مکمل ہونے اہل غزہ و لبنان سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے شاہراہ فیصل پر ”الاقصیٰ ملین مارچ“ کا انعقاد کیا گیا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
مارچ میں جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی سکریٹری ممتاز حسین سہتو، مرکزی رہنما اسد اللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، پیپلزپارٹی کے صوبائی سکریٹری وقار مہدی، فلسطین فاؤنڈیشن کے سربراہ صابر ابو مریم، تاجر رہنما عتیق میر،محمود حامد اور محمد اسلم اور جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے بھی شرکت کی۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ”الاقصیٰ ملین مارچ“ کے لاکھوں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عصبیت و لسانیت، مسلکی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر اختلاف اور تقسیم پیدا کرنے کے ایجنڈے پر کام کیا جارہا ہے اسے ناکام بنایا جائے، اتفاق کے نکات اختلاف سے زیادہ ہیں، سعودی عرب اور ایران پر خصوصی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ تقسیم پیدا نہ ہونے دیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس اور یوم یکجہتی فلسطین کا خیر مقدم کرتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ کانفرنس میں صرف زبانی جمع خرچ نہ کیا جائے بلکہ مسلم حکمرانوں کا اجلاس بلایا جائے جس میں مسلم ممالک کے افواج کے سربراہان کو بھی دعوت دی جائے اور اسرائیل کے خلاف راست اقدام کا اعلان کیا جائے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ عالم اسلام کا اتحاد و یکجہتی اسرائیل کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردے گا۔اسرائیل نابود و برباد ہوکر رہے گا، بیت المقدس ضرور آزاد ہوگا اور مسلمان قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں گے۔قائد اعظم کے فرمان کے مطابق بھی اسرائیل ناجائز ریاست ہے، اسے کسی طور پر بھی تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہلیان کراچی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے تاریخی اور کامیاب ملین مارچ کیا۔ 7 اکتوبر کو یوم یکجہتی غزہ منایا جائے گا۔ پورے ملک کے عوام گھروں اور دفاتر سے باہر نکل کو اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کریں گے۔تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں و طبقہ ہائے فکر سے اپیل کرتا ہوں کہ 7 اکتوبر کو فلسطین سے یوم یکجہتی کا دن منایا جائے۔ یوم یکجہتی فلسطین کی کال جماعت اسلامی نے دی ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ پورے پاکستان کے عوام بلا تفریق رنگ و نسل 12 بجے نکل کر یوم یکجہتی غزہ منائیں گے۔ اسرائیل کی قسمت میں تباہی وبربادی ہے اور قبلہ اول ضرور آزاد ہوگا۔

حماس کے رہنما وترجمان خالد قدومی نے کہاکہ ایک سال سے زائد اہل غزہ و فلسطین جنگ کا شکار ہیں۔ 45 ہزار سے زاہد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے۔ 10 ہزار سے زائد فلسطینی لاپتا ہیں اور ہزاروں فلسطینی شدید زخمی ہیں، حماس کے مجاہدین طوفان الاقصیٰ کے نظریے کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔

حماس رہنما نے کہا ایک سال سے زائد عرصے کے باوجود حماس کے مجاہدین پر عزم ہیں۔حماس کے مجاہدین روانہ اسرائیلی آرمی کو جہنم واصل کررہے ہیں۔امریکہ، برطانیہ، فرانس اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے۔ اسرائیل کے بارے میں مشہور تھا کہ انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کے سارے غرور کو خاک میں ملادیا ہے۔

مجلس وحدت المسلمین کے علامہ باقر زیدی نے کہا کہ آج ہم اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے شاہراہ فیصل پر جمع ہیں۔ جماعت اسلامی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے مارچ منعقد کیا۔ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ شہید ہوگئے لیکن جھکے نہیں۔ دشمن سمجھ رہا ہے کہ حماس اور حزب اللہ کے سربراہ کو شہید کرکے جیت گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی نے کہاکہ آج ہم اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہیں۔ آج اہل غزہ و فلسطین اسرائیل کی بمباری کا شکار ہیں۔ ایک سال میں 45 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں شہادتوں کے بعد مجاہدین کے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں۔ قبلہ اوّل کی آزادی کے لیے جانا پڑا تو ہم جانے کے لیے تیار ہیں۔

پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نثارکھوڑو نے کہا کہ ہم غزہ و لبنان میں اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم عالم اقوام سے کہنا چاہتے ہیں کہ بے حسی ختم کرو۔ عالم اسلام کو یہ مجمع پیغام دینا چاہتا ہے کہ اسرائیلی تمہاری حیثیت کو ختم کرنے نکلے ہیں۔ ہم پاکستانیوں نے ہمیشہ سے فلسطینیوں کی حمایت اور اظہار یکجہتی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں فلسطینیوں سے پیار ہے، آج تمام پارٹیاں جمع ہوکر اسرائیل کی مخالفت کررہی ہیں، میں جماعت اسلامی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے پاکستان کی آواز کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی، عالمی جنگ سے بچانے کے لیے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہاکہ اہلیان کراچی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے ایک مرتبہ پھر کراچی کی لاج رکھی ہے۔ مزاحمت کے 364 دن مکمل ہوگئے ہیں۔ حماس کے مجاہدین کوبھی ایک سال مکمل ہونے پر سلام پیش کرتے ہیں۔اہل غزہ و فلسطین نے ثابت کردی کہ تمہارا غرور جزبہ جہاد اور شوق شہادت کی بدولت خاک میں ملا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اہل غزہ و فلسطین کے عوام استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔ حماس کے مجاہدین کے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں بلکہ ان کے اندر جذبہ جہاد بڑھ گیا ہے۔ اسرائیل نے انسانی نسل کشی تو کی ہے لیکن فلسطینیوں کے حوصلے کم نہ کرسکا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close