لبنان میں اسرائیلی بمباری میں 51 افراد شہید اور 174 زخمی
بیروت: اسرائیلی فوج کی لبنان کے علاقوں ماؤنٹ اور نباتیہ پر وحشیانہ فضائی بمباری سے 51 افراد شہید اور 174 زخمی ہوگئے
اسرائیلی فوج نے تمام تر بین الاقوامی جنگی قوانین اور عالمی قیادت کے اپیلوں کو مسترد کرتے ہوئے لبنان کے علاقوں ماؤنٹ اور نباتیہ پر وحشیانہ فضائی بمباری کا سلسلہ جاری رکھا۔
لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ماؤنٹ لبنان میں 22 اور جنوبی نباتیہ میں 10 جب کہ بقیہ افراد دیگر علاقوں میں شہید ہوئے۔
وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ رہائشی عمارتوں کے ملبے سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ 174 زخمیوں میں سے درجن سے زائد کی حالت نازک ہے۔
اسرائیلی فضائیہ نے نباتیہ کے ایک بازار کو بھی نشانہ بنایا جہاں شہری خرید و فروخت میں مصروف تھے۔ 174 میں سے زیادہ تر زخمی اسی مقام کے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ لبنان کے شمال اور جنوبی علاقوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ادھر حزب اللہ نے جوابی کارروائی میں اسرائیلی علاقے حفیہ کو دھماکا خیز ڈرونز سے نشانہ بنایا جس میں 3 یہودی ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔