نرگس کے شوہر ماجد بشیر نے گرفتاری سے بچنے کیلیے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرلی
پولیس مقدمہ اندراج کرنے کے باوجود ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی تھی
لاہور: نرگس میرے نکاح میں ہے، میاں بیوی کے درمیان جھگڑے معمول ہیں، جن لوگوں نے کردار کشی کی انہیں نہیں چھوڑوں گا
اداکارہ نرگس کی جانب سے درج مقدمے میں نامزد کیے گئے نامزد ملزم اور شوہر ماجر بشیر نے گرفتاری سے بچنے کیلیے 18 نومبر تک عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرلی۔
انسپکٹر ماجد نے کہا کہ ’میری اہلیہ باکردار عورت ہے اور جھگڑے تو ہر گھر میں ہوتے ہیں، کچھ لوگ اس واقعے پر کردار کشی کررہے ہیں جن کے خلاف میں قانونی کارروائی کروں گا‘۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ نرگس تاحال میرے نکاح میں ہے اور یہ ہمارا ذاتی جھگڑا ہے، میاں بیوی کے درمیان ہر گھر میں جھگڑے ہوتے ہی ہیں۔
ماجد بشیر نے کہا کہ جو لوگ اس واقعہ پر کیچڑ اچھال رہے ہیں یا کوشش کر رہے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کروں گا اور ہر وہ حربہ استعمال کرونگا جو ایک عزت دار انسان کرتا ہے۔
واضح رہے کہ انسپکٹر ماجد بشیر پر تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج ہے جس کی تفتیش جاری ہے اورپولیس مقدمہ اندراج کرنے کے باوجود ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی تھی۔