سرفراز مرچنٹ نے معلومات فراہم کرنے کے لیے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کردی
اسلام آباد : برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے اہم کردار سرفراز مرچنٹ نے پاکستان آنے کے لیے آمادگی ظاہر کردی ہے تاہم ان کی پاکستان آمد کی حتمی تاریخ کا تعین ایف آئی اے کے ڈائریکٹر انعام غنی اور سرفراز مرچنٹ مل کر کریں گے ۔
میڈ یا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے کے ڈائریکٹر انعام غنی نے سرفراز مرچنٹ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ۔اس موقع پر انعام غنی نے سرفراز مرچنٹ کو تحفظات دور کرنے اور پاکستان آمد پر مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔انعام غنی کا کہنا تھا کہ سرفراز مرچنٹ کے تحفظات دور کر کے جلد نیا سمن جاری کیا جائے گا جس میں سرفراز مرچنٹ کو سکاٹ لینڈ یارڈ سے متعلق مدد کے لیے کہا جائے گا ۔سرفراز مرچنٹ کا کہنا تھا کہ حکومت کو الطاف حسین اور طارق میر سے متعلق سکاٹ لینڈ یارڈ کی معلومات دونگا ۔ان کا کہنا تھا کہ نئے سمن ملنے پر حکومت سے تعاون کے لیے وقت اور تاریخ سے آگاہ کروں گا۔
دوسری جانب ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سرفراز مرچنٹ نے پاکستان آنے کی یقین دہانی کرادی ہے اور وہ ایف آئی اے کے ساتھ مل کر پاکستان آنے کی تاریخ کا تعین کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ سرفراز مرچنٹ ایف آئی اے کی جانب سے بھیجے گئے سمن پر معترض تھے ،سمن میں نا مناسب الفاظ پر وزیر داخلہ نے بھی برہمی کا اظہار کیا ہے ۔