پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو احتجاج کی کال دے دی
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دے دی۔
بدھ کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی کال دے دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دی ہے جبکہ احتجاج پاکستان سمیت دنیا بھر میں کیا جائے گا اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کر کے کچھ لوگوں کو ممبر قومی اسمبلی ( ایم این اے) بنایا گیا اور ان گنے چنے لوگوں سے مرضی کی قانون سازی کرائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ’’ بانی پی ٹی آئی نے آج کہا ہے، میں براہ راست مخاطب ہو رہا ہوں، اپنے کسانوں سے کہتا ہوں آپ کا مستقبل بہتر تاریک ہے، ملکی حالات کے پیش نظر کسانوں کو نکلنا ہوگا، وکلا سے کہتا ہوں آپ کو قانون کی بالادستی کیلئے سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا، سوشل سوسائٹی سے متعلق کہا ہر شہری کو اپنے حقوق کیلئے نکلنا ہوگا، طلبا کو کہا آپ نے اپنے مستقبل کیلئے نکلنا ہے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز اور تمام کارکنوں کو نکلنے کا کہا ہے تاکہ فیصلہ کیا جاسکے کہ انہیں آزادی میں رہنا ہے یا مارشل لاء میں رہنا ہے۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ احتجاج کے لئے تیاریاں مکمل ہیں، علیمہ خان نے تاریخ کا علان کر دیا ہے۔
اپنے خصوصی بیان میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ اس بار کوئی واپسی نہیں ہے، جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے واپسی نہیں ہوگی۔