بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3 خوارج واصل جہنم
بنوں: علی الصباح سیکیورٹی فورسز نے بنوں میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ایک کامیاب آپریشن کیا
آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاع پر آپریشن میں تین خوارج ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
علی الصباح سیکیورٹی فورسز نے بنوں ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کیا جس میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں 3 خوارج واصل جہنم ہوئے جبکہ 2 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد ماضی میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں کسی بھی مزید خوارج کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہیں۔