اردن میں اسرائیلی سفارت خانے پر حملہ ، بندوق بردار حملہ آور ہلاک ، 3 پولیس اہلکار زخمی
اردن میں بندوق بردار حملہ آور نے اسرائیلی سفارت خانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن کے سفارت خانے کے گرد معمول کی گشت پر مامور اہلکاروں نے بندوق بردار حملہ آور کو رکنے کا اشارہ کیا۔
بندوق بردار شخص اسرائیلی سفارت خانے پر حملے کی نیت سے وہاں موجود تھا۔ پولیس کے روکنے پر فائرنگ کردی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ 3 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔
اسرائیلی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ حملے میں عملہ محفوظ ہے۔
اردن پولیس نے کہا ہے کہ حملے کے وقت وہاں عملہ موجود نہیں تھا۔
حملہ آور کی لاش کا فرانزک ٹیسٹ کرایا جا رہا ہے۔ تاحال حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
فائرنگ کی آواز سنتے ہی مزید نفری طلب کی گئی۔ سفارت خانے کا محاصرہ کرلیا گیا۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے بعد سے صیہونی ریاست کے مختلف ممالک کے سفارت خانوں پر حملوں میں اضافہ ہوا۔