کرّم: سات روزہ سیز فائر کے اعلان کے باوجود حالات کشیدہ، مخالف گروہوں میں جھڑپوں کی اطلاعات
صوبائی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سُنی اور شیعہ قبائل کے درمیان لاشوں اور قیدیوں کی واپسی کی غرض سے گذشتہ روز ہونے والے سات روزہ سیزفائر کے اعلان کے باوجود مخالف گروہوں میں مختلف مقامات پر جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ضلع کرم میں 21 نومبر (جمعرات) کی دوپہر لگ بھگ 200 مسافر گاڑیوں کے قافلے پر ہوئے حملے اور اس کے ردعمل میں پھوٹنے والے فرقہ وارانہ فسادات کے نتیجے میں اب تک کم از کم 76 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
چار روز تک جاری رہنے والے فسادات کے بعد اتوار کی شام صوبہ خیبرپختونخوا کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا تھا کہ فریقین نے لاشوں اور قیدیوں کو واپس کرنے کے علاوہ سات روزہ سیز فائر پر اتفاق کیا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق سیزفائر کے اعلان کے باوجود اتوار کی شب علی زئی اور بگن کے علاقوں میں جھڑپیں ہوئی ہیں جبکہ صدہ ہسپتال میں ایک ہلاک اور تین زخمی لائے گئے ہیں۔
ایک پولیس اہلکار کے مطابق علاقے میں حالات مکمل معمول پر نہیں ہیں اور ایک بے یقینی کی صورتحال برقرار ہے۔ بگن کے مقامی شہری شاہین گل نے بی بی سی کو بتایا کہ فی الحال علاقے میں سخت خوف پایا جاتا ہے اور بگن کا بازار لگ بھگ مکمل تباہ ہو گیا ہے۔ صدہ کے ہسپتال میں تعینات ڈاکٹر رحیم کے مطابق اتوار کی شب ان کے ہسپتال میں مزید لاش اور تین زخمی لائے گئے ہیں جبکہ مختلف علاقوں سے پیر کی صبح بھی فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوتی رہی ہیں۔ جب اُن سے جب پوچھا کہ علی زئی اور دیگر قریبی بنیادی صحت مراکز میں کیا صورتحال ہے تو اُن کا کہنا تھا کہ علاقے میں موبائل فون سروس مکمل بحال نہ ہونے کی وجہ سے رابطے نہیں ہو پا رہے ہیں۔
دوسری جانب ایک حکومتی وفد گزشتہ دو روز سے کرم میں موجود دونوں مخالف دھڑوں کے قائدین سے تفصیلی ملاقاتوں میں مصروف ہے جس کے نتیجے میں ایک گرینڈ جرگہ منعقد کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
کرم سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی ساجد طوری نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ خود اس وفد میں شامل تھے جس میں صوبائی وزیر آفتاب عالم، صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف ، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا اور انسپکٹر جنرل پولیس سمیت دیگر انتظامی افسران شامل تھے۔
انھوں نے بتایا کہ ملاقاتوں کے دوران دونوں جانب سے گلے شکوے کیے گئے لیکن وفد نے جنگ بندی کا مطالبہ کیا جسے اہل تشیع نے قبول کیا اور اس کے بعد وفد اہل سنت کے عمائدین کے پاس گئے اور وہاں بھی گلے شکوے تھے لیکن وہ بھی جنگ بندی پر راضی ہو گئے ہیں۔
جب ان سے کل رات ہونے والی فائرنگ اور جھڑپوں کی اطلاعات سے متعلق پوچھا گیا تو اُن کا کہنا تھا کہ جس شدت سے پہلے فائرنگ اور بھاری اسلحہ استعمال ہو رہا تھا، اب ویسی صورتحال نہیں ہے۔ ’چھوٹے ہتھیاروں سے ضرور فائرنگ ہوئی ہو گی لیکن کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔‘
ساجد طوری نے بتایا کہ فریقین یرغمال افراد اور لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے پر راضی ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان کی اطلاع کے مطابق مجموعی طور پر 18 افراد یرغمال ہیں یعنی ایک جانب سے 12 اور دوسری جانب کے چھ افراد۔ انھوں نے کہا کہ یرغمال بنائے گئے افراد اور لاشوں کی منتقلی کے بعد ایک گرینڈ جرگہ منعقد کیا جائے گا جس میں مقامی عمائدین کے علاوہ کوہاٹ ڈویژن کا گرینڈ جرگہ بھی شریک ہو گا تاکہ علاقے میں مکمل امن قائم کیا جا سکے۔
خیال رہے کہ 21 نومبر کی دوپہر لوئر کرم کے علاقوں بگن اور اوچت میں لگ بھگ 200 مسافر گاڑیوں کے قافلے پر ہوئے حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 44 افراد کی ہلاکت کے بعد ضلع کرم میں حالات کشیدہ ہو گئے تھے اور قبائل کے درمیان فرقہ وارانہ بنیادوں پر ہونے والی جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
حکام کے مطابق ضلع کرم میں 21 نومبر کو پیش آئے واقعے کے بعد سے ہونے والی پُرتشدد جھڑپوں اور حملوں کے نتیجے میں اب تک کم از کم 76 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔
بگن اور اوچت میں مسافر گاڑیوں پر ہوئے حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد میں سے بیشتر کا تعلق پاڑہ چنار اور قریبی علاقوں میں آباد اہلِ تشیع برادری سے تھا۔
یاد رہے کہ اس واقعے کے ردعمل میں جمعہ کی شب چند مظاہرین نے سُنی اکثریتی علاقے بگن (جہاں یہ واقعہ پیش آیا تھا) میں دھاوا بول کر دکانوں اور مکانوں کو نذر آتش کیا جس کے نتیجے میں حکام کے مطابق مزید کم از کم 32 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ مسلح لشکر کی جانب سے بگن میں ہونے والے جلاؤ گھیراؤ اور حملوں میں ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا تھا جس کے بعد بگن اور دیگر نزدیکی علاقوں سے مقامی آبادی نے نقل مکانی کی۔
مقامی پولیس کے مطابق اتوار (24 نومبر) کو لوئر کرم کے شیعہ اکثریتی گاؤں علی زئی کے قریب شدید جھڑپیں ہوئی تھیں۔
ایک پولیس اہلکار کے مطابق اتوار کو کشیدگی کا آغاز اُس وقت ہوا تھا جب مندروی کے علاقے، جو بگن سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، سے ایک بڑے لشکر نے اچانک علی زئی گاؤں کی طرف پیش قدمی کا آغاز کیا تھا۔