پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن ، 450 گرفتار ، بشریٰ بی بی اور گنڈاپور ڈی چوک سے فرار
اطلاعات کے مطابق بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور دونوں ایک ہی گاڑی میں فرار ہوئے
اسلام آباد: پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت غائب ، کریک ڈاؤن کے بعد بلیو ایریا کو شرپسندوں اور انتشار پسندوں سے خالی کروالیا گیا
پولیس اور رینجرز نے اسلام آباد کے بلیو ایریا میں پہنچنے والے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے علاقہ کلیئر کروالیا جبکہ اس دوران 450 زائد مظاہرین کو گرفتار کرلیا جبکہ علی امین گنڈا پور اور بشری بی بی کی گرفتاریوں کیلیے ٹیمیں روانہ کردی گئیں ہیں۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے آبپارہ مارکیٹ اور سپر مارکیٹ بند کروا دیں، خیابان سہروردی سے آبپارہ تک سڑکوں سے گاڑیاں بھی ہٹوا دی گئیں۔ ڈی چوک سے ملحقہ بلیو ایریا میں بھی دکانیں اور سروس روڈ سے گاڑیاں ہٹوا دی گئیں۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ڈی چوک میں کچھ کنٹینرز رسیوں کی مدد سے ہٹا دیے، کچھ کنٹینرز کو پلٹ دیا، گیس ماسک پہنے، ڈنڈوں اور غلیلوں سے مسلح کارکنوں نے پولیس پر پتھر برسائے، غلیلوں سے نشانہ بنایا۔
بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور ڈی چوک ایریا سے فرار ہوگئے تھے، اطلاعات کے مطابق دونوں ایک ہی گاڑی میں فرار ہوئے۔
ذرائع کے کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کی گاڑی ہری پور کے راستے خیبر پختونخوا میں داخل ہوگئی ہے۔