خدا کے لیے ملک کے بارے میں سوچیں ، ملک کو نقصان ہے تو فائدہ آپ کا بھی نہیں: گورنر پنجاب
پنجاب حکومت اور پولیس کی ناکامی کی وجہ سے پی ٹی آئی والے اسلام آباد پہنچے
لاہور: پی ٹی آئی والے اپنا لشکر لے کر اٹک پہنچے تو اسٹاک ایکسچینج بہت زیادہ نیچے آ گیا تھا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے سینئرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے وہاں اپنی بات کریں، وہاں چیزیں سامنے لائیں۔
انہوں نے کہا کہ خدا کے لیے اس ملک کے بارے میں سوچیں، جو طریقہ آپ نے شروع کیا ہے اس کا نہ آپ کو فائدہ ہے اور ملک کا نقصان تو ہے ہی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت اور پولیس کی ناکامی کی وجہ سے پی ٹی آئی والے اسلام آباد پہنچے، صوبے میں کنٹینر لگا کر ایسا محسوس کروایا گیا کہ کوئی سونامی آ رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی حکمتِ عملی ناکام رہی تو یہ کس بات کا کریڈٹ لے رہے ہیں؟ نقصان کے زیادہ ذمے دار پی ٹی آئی والے ہیں تو کچھ کی ذمے دار حکومت بھی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ کٹی پہاڑی اٹک کے پاس پنجاب پولیس کو ایکسپائر شیل دیے گئے، علی امین گنڈا پور نے سرکاری وسائل کے ساتھ وفاق پر دھاوا بولا، وفاق پر اس طرح دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو اسلام آباد سے نکالنے کا صحیح طریقہ استعمال کیا گیا، اگر پی ٹی والے ڈی چوک پہنچتے تو بہت بربادی ہونی تھی، سارے ادارے اس میں ناکام ہوئے کہ یہ مظاہرین اسلام آباد تک کیسے پہنچے، اسلام آباد میں آپریشن کر کے بہت اچھا کیا گیا، یہی ہونا چاہیے تھا۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور تو پہلے بھاگنا چاہتے تھے لیکن انہیں اپنے کارکنوں نے جانے نہیں دیا۔