کراچی میں دن دیہاڑے ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان مارا گیا
کراچی : شہرقائد میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونےوالے افراد کی تعداد 104 ہوگئی۔
گرومندر کے قریب مسلح ملزمان نے دن دیہاڑے ٹائر شاپ پر ڈکیتی کی کوشش کی اور حسن نامی نوجوان دکاندار کو قتل کردیا۔
جمشید کوارٹر تھانے کی حدود میں اسلامیہ کالج کے سامنے ٹائر شاپ کی دکانوں پر چار سے پانچ مسلح ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی تو حسن نامی نوجوان اپنی دکان سے باہر نکلا جس پر مسلح ملزمان نے حسن کے سینے پر گولی مار دی اور موقع سے فرار ہوگئے ، حسن کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جاں بحق ہوگیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسلامیہ کالج کے قریب سے ایک ریلی گزر رہی تھی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چار سے پانچ مسلح ملزمان نشے میں دھت ہوکر دکانداروں سے لوٹ مار کررہے تھے، تین سے چار شہریوں سے لوٹ مار کی تو حسن نامی نوجوان جس کی دکان بھی اسی لائن میں ہے ، اُس نے ڈاکوؤں کے دیکھتے ہی اپنا قیمتی سامان دور پھینک دیا اور پھر اٹھانے کی کوشش کی تو مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے حسن کو قتل کردیا۔
ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا کا کہنا ہے کہ حسن نامی نوجوان گلستان جوہر کا رہائشی ہے جس کی دکان جمشید کوارٹر تھانے کی حدود میں واقع ہے، مسلح ملزمان نے چھینا جھپٹی پر مزاحمت کرنے پر حسن کو قتل کیا ۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ہے اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت ہوسکے اور جلد از جلد گرفتاری ممکن ہوسکے۔
ایس ایس پی ایسٹ کا مزید کہنا تھا کہ جس مقام پر یہ واردات ہوئی ہے وہاں قریبی ایک ریلی بھی گزررہی تھی، مسلح ملزمان نے رش کا فائدہ اٹھا کر واردات کرنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر حسن نامی نوجوان کو قتل کیا، پولیس نے ایک سے دو سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی ہیں جس میں ملزمان کی شناخت ممکن نہیں ، پولیس اطراف کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کررہی ہے۔
واضح رہے کہ شہرقائد میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت میں قتل ہونے والے شہریوں کی تعداد 104 ہوگئی ہے۔