دفاعی نظام جارحیت کیلئے نہیں، ایٹمی پروگرام پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر پابندیوں کا کوئی جوازنہیں، پاکستان کا دفاعی نظام جارحیت کیلئے نہیں،ہمارے دفاع کیلئے ہے، ایٹمی پروگرام پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہا خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام 24کروڑعوام کا پروگرام ہے، نیشنل ڈیفنس کمپلیکس اور دیگراداروں پر پابندیوں کا جواز نہیں، ایٹمی پروگرام پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ کل ہماری پہلی میٹنگ ہوگئی، 2 جنوری کو مذاکرات کا اگلاسیشن ہوگا۔ یقین ہے دونوں کمیٹیاں ایساحل نکالیں گی جوپاکستان کے بہترین مفادمیں ہوگا۔ پاکستان کے بہتر مفاد میں فیصلوں کاملک اور قوم کوفائدہ ہوگا۔
شہبازشریف نے کہا کہ ذاتی پسند، ناپسند کو قوم کی خاطر قربان کریں،یہ ہماراہدف ہونا چاہیے، قومی مفادکاتقاضہ یہی ہے ذاتی مفادات کو قومی مفادات کے تابع کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ چندماہ میں دہشتگردی کےواقعات میں اضافہ ہوا، صوبوں کے ساتھ ملکر دہشتگردی کا مقابلہ کیا جارہاہے، دہشتگردی کا خاتمہ کیے بغیرمعاشی ترقی ممکن نہیں، دہشتگردی کے دوبارہ سرکچلنےتک چین سےنہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے الگ عوامل ہیں، پاکستان کیخلاف مذموم کوششیں ناکام ہوں گی، قربانیوں رائیگاں نہیں جائیں گی،پاکستان انشااللہ سرخرو ہوگا، یقین کامل ہے ملکر دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چند دن پہلے خوارج کے حملے میں17جوان شہید ہوئے، سپہ سالار خود وانا گئےاور فورسز کو حوصلہ دیا۔ پاکستان کیخلاف مذموم کوششیں ناکام ہوں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں آنے والے معاشی استحکام میں مزید استحکام آئے گا، ترسیلات زر، آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہورہا ہے، ملک میں مہنگائی بھی5 فیصد سے کم ہے، اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ15فیصد سے کم کرکے13فیصد کردیا۔