لاہور میں دہشتگردی کی کارروائی بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی کارروائی ہے:وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفر آباد: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ لاہور میں دہشتگردی کی کارروائی بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی کارروائی ہے جو بھارت نیوی کے حاضر سروس آفیسرکل بھوشن یادیو کی گرفتاری سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے بھارت نے ہمیشہ نہتے انسانوں کے خون کی ہولی کھیلی ہے لاہور واقعہ میں بھی بھارت ملوث ہے کیونکہ کل بھوشن یادیو کی گرفتاری سے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا بھارتی حکمرانوں کے تمام منفی عزائم ناکام ہوں گے پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری پاکستانی قوم متحد ومنظم ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے اقبال پارک لاہور میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے 70سے زائد افرا د کے جاں بحق ہونے پر گہرے صدمے کا ا ظہار کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات سے کشمیریوں کے دل دکھتے ہیں ۔وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے نام ایک مکتوب میں وزیراعظم آزادکشمیر نے اہل کشمیر کی طرف سے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کیا۔ وزیراعظم نے خود کش حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے درجات کی بلندی کی دعا کی اور کہا کہ دہشت گردوں کو اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جائے وزیراعظم نے اس سانحہ پر آزادکشمیر میں دو روزہ سوگ کابھی اعلان کیا۔