اسلام آباد
وزیراعظم سے شہباز شریف اور چوہدری نثار کی ملاقات، دھرنے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف سے پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے ملاقات کی جس میں دھرنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ مسئلے کا بات چیت کے ذریعے پرامن حل حکومتی ترجیح ہے اور پوری کوشش ہے کہ طاقت کا استعمال نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے، مظاہرین کے قانونی مطالبات پر حکومت کا موقف واضح ہے اس لئے دھرنے کا کوئی جواز نہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران مظاہرین کے مطالبات، دھرنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال اور انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔