دوسرا ون ڈے: آسٹریلیا نے بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی، سیریز میں 0-2 کی برتری
برسبین (مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلیا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برسبین کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔ روہت شرما نے اس میچ میں بھی بہترین بلے بازی کی اور 3 چھکوں اور11 چوکوں کی مدد سے 124 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں اجنکیا ریحانے 89، ویرات کوہلی 59، شیکھر دھون6، مہندرا سنگھ دھونی 11، منیش پانڈے 6، روندرا جدیجا 5، اور ایشوین نے 1 سکور بنایا۔
آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فالکنر نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جول پارس، ہیسٹنگز اور سکاٹ بولانڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی اوپنرز میدان میں آئے اور بھارتی باﺅلرز پر قہر بن کر ٹوٹے۔ ایرون فنچ اور شان مارش نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 145 رنز کا آغاز فراہم کیا اور جیت کی بنیاد رکھ دی۔ دونوں کھلاڑیوں نے 71,71 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں سٹیو سمتھ نے 46، جارج بیلی نے 76 اور گلین میکسویل 26 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
بھارت کی جانب سے ایشانت شرما، امیش یادوو اور رویندرا جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔