نواز شریف دہشت گردوں اور عمران خان چوہوں کا خاتمہ کر رہے ہیں: پرویز رشید
اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان آج کل چوہا سیاست کر رہے ہیں، وہ کے پی سے چوہوں کو ختم کر کے دکھا دیں، ہم ان کی تعریف کریں گے۔ پاکستان میں دہشت گردی کیساتھ ساتھ دہشت گردوں کو پیدا کرنے والی سوچ کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان آج کل چوہا سیاست کر رہے ہیں، وفاقی حکومت کے پی کو دہشت گردی اور عمران خان چوہوں سے پاک کر رہے ہیں اور اگر وہ اس میں کامیاب ہو گئے تو ہم ان کی تعریف بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر سے پکڑے گئے چوہے کی قیمت 25 روپے اور اگر وہی چوہا کنٹونمنٹ میں چلا گیا تو قیمت 300 روپے ہو جائے گی اور اس فرق کی آڑ میں جو اربوں روپے کی کرپشن ہو گی اس کا حساب کون دے گا؟ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں درخت لگانے پر بھی کرپشن کے الزامات ہیں اور یہ الزام میں نہیں ان کے اپنے لوگ لگا رہے ہیں۔
پرویز رشید نے دہشت گردی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کیساتھ ساتھ اس سوچ کو بھی ختم کرنے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے دہشت گرد جنم لیتا ہے اس لئے انتہاءپسندی کو ختم کرنے کیلئے فکری ضرب عضب بھی شروع کیا ہے۔ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی اسلحے کی فیکٹریاں ختم کی گئیں، مواصلاتی نظام اور ٹھکانے بھی ختم کئے گئے اور اس دہشت گردوں کے تمام گروہوں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔