احتساب کمیشن میں ترمیم کے بعد احتساب کا عمل مزید تیز ہوگا: عمران خان
پشاور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وائٹ کالر کرائم پکڑنے والے ماہرین ہمارے پاس نہیں ہیں احتساب کمیشن میں ترمیم کے بعدوائٹ کالر کرائم پکڑے جائیں گے اور احتساب کا عمل مزید تیز ہوگا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ترمیم پر تاثر دیا گیا کہ احتساب کمیشن ختم کردیا گیا ہے یہ غلط فہمی ہے ، ترمیم کے بعد اب اقتدار میں رہ کر کوئی اپنے ذاتی کاروبار کو فائدہ نہیں پہنچاسکے گا ،احتساب کمیشن میں تمام مسائل ختم کردیے ہیں اور حکومت اور احتساب کمیشن کو مکمل طور پر الگ کردیا ہے۔احتساب کمیشن کی فائنل رپورٹ پہلے کابینہ اور اس کے بعد اسمبلی میں جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو خود مختاری دینا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے ریفارمز پر بہت کام ہوچکا ہے پولیس کو پوسٹنگ اور ٹرانسفر سے کنٹرول نہیں کیا جاسکے گا ہم چاہتے ہیں کہ پولیس قانون کے مطابق کام کرے ۔
تحفظ خواتین بل کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے بل اسلامی نظریاتی کونسل کو سفارشات کیلئے بھیج دیا ہے جس کے بعد اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا۔ ہم نہیں چاہتے کہ ہم ایک متنازعہ بل پاس کردیں جس سے بعد میں خواتین کے مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھ جائیں۔