بیلجیم کی عدالت نے داعش کے اہم رہنما خالد زرکانی کو 15 سال قید کی سزا سنادی
برسلز: بیلجیم کی عدالت نے شدت پسند تنظیم داعش کے لیے کئی لوگوں کو بھرتی کرنے کے الزام داعش کے اہم رہنما خالد زرکانی کو 15 سال قید کی سزا سنادی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فیڈرل پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ زرکانی بیلجیم میں لوگوں کو جہاد کے لیے بھرتی کرنے کا اہم ترین ملزم تھا جب کہ 2015 میں اسے 12 سال قید کی سزا پہلے ہی سنائی جا چکی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم پر کئی لوگوں کو داعش کے لیے بھرتی کرنے کا الزام ثابت ہوگیا ہے جب کہ اس کے تیار کردہ افراد نے پیرس حملوں میں بھی حصہ لیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق 42 سالہ زرکانی کو پولیس نے برسلز سے 2014 میں گرفتار کیا تھا جب کہ اس سے قبل وہ خفیہ طریقے سے کئی لوگوں کو بھرتی کر کے شام بھیجا چکا تھا جس میں خود کش بمبار نجم لاچروئی اور پیرس حملوں کے اہم ملزم عبدالحامد اباؤد بھی شامل ہیں۔