پاک سر زمین پارٹی نے تحریک انصاف کی وکٹ گرا دی
کراچی :پاک سرزمین پارٹی نے تحریک انصاف کی وکٹ گرا دی ہے ،پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی حفیظ الدین مصطفی کمال کی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حفیظ الدین نے پاکستان تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت اور سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیاہے ۔ان کا کہناتھا کہ ہم پورے پاکستان کی قیادت کریں گے کیونکہ ہم پڑھے لکھے لوگ ہیں ،مصطفیٰ کمال نے پاکستان کی تقدیر بدلنے کا کام کیاہے ۔حفیظ الدین کا کہناتھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے لوگوں کو روزگار فراہم کرتاہے لیکن کراچی میں پانی بجلی اور ٹرانسپورٹ کا ناقص نظام ہے ،کراچی میں ادارے نہیں بلکہ مافیا کام کر رہاہے ۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتاہوں کہ مصطفی کمال نے شہری معاملات میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ اور تعلیم جیسے مسائل ہیں جن پر کام کرناہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن بانجھ ہے اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔
اس موقع پر پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے وہ حفیظ الدین کو ساتھیوں سمیت قافلے میں خوش آمدید کہتے ہیں ،وہ حفیظ الدین کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ایک آواز پر لبیک کہا ۔انہوں نے کہا کہ یہ جمہوری ملک ہے اور جمہوری طریقہ کار کے تحت کوئی بھی شہری کسی بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کر سکتاہے ۔
واضح رہے کہ حفیظ الدین پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ پر پی ایس 93سے کراچی سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔