اسلام آباد کے ایوانوں تک محدود جمہوریت کو نہیں مانتے، مصطفیٰ کمال
کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے ایوانوں تک محدود جمہوریت کو نہیں مانتے،ہم چاہتے ہیں کہ اگر ملک میں جمہوریت چلانی ہے تو اسے ایوانوں میں نہیں پاکستانیوں کے گھروں کی دہلیز پر ہونا چاہیئے۔
مزارقائد سے متصل جناح گراؤنڈ میں پاک سرزمین پارٹی کے پہلے سیاسی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی وطن پرست لاکھوں لوگوں کی تحریک بن چکی ہے جس نے وقت کے فرعون کے خلاف کلمہ حق بلند کیا، دنیا میں کوئی ایسی جماعت نہیں جس نے30 دن میں لاکھوں لوگ جمع کئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی جمہوریت کو نہیں مانتے جو صرف اسلام آباد کے ایوانوں تک محدود ہو بلکہ ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں عوام کے مسائل گھر بیٹھےحل ہوں، ارکان اسمبلی اور سینیٹرز کا کام قانونی سازی کرنا ہے لیکن انہیں ترقیاتی کاموں میں لگادیا گیا اورترقیاتی فنڈز کے نام پر اربوں روپے کے فنڈز ہڑپ کیے گئے،عوام کو پینے کا صاف پانی نہ دینے والی حکومت کو جمہوری حکومت کہلانے کا کوئی حق نہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کا کام ہے لیکن اسپتالوں اور صفائی کا نظام یونین کونسلز کے حوالے ہونا چاہیئے، گلی، محلے، گاؤں، گوٹھوں میں تعلیم، صحت اور آمد و رفت کا نظام وہاں کے لوگوں کو ملنا چاہیئے، ملک میں سب جمہوریت چاہتے ہیں جس کے لئے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے جائیں گے تو ملک میں جمہوریت فروغ پائے گی۔