تحریک انصاف نے اثاثوں کے فرانزک آڈٹ کا اسحاق ڈار کا چیلنج قبول کرلیا
اسلام آباد: تحریک انصاف نے اسحاق ڈار اور عمران خان کے اثاثوں کی تحقیقات کا چیلنج قبول کرلیا ہے۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے دیئے گئے چیلنج کو قبول کرتی جس میں انہوں نے عمران خان اور اپنے 20 سال کے اثاثے ظاہر کر کے اس کا فرازنک آڈٹ کرانے کا چیلنج کیا تھا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسحاق ڈار کے چیلنج کو کھلے دل سے قبول کرتے ہیں اور جب وہ چاہیں اثاثوں کا آڈٹ کرالیں۔
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے ٹی او آر پر حکومت، اپوزیشن سے مشاورت کیوں نہیں کرتی، حکومت اپنے ٹی او آر مسلط کرنا چاہتی ہے، ہماری تحریک اس سوچ کے خلاف ہے جس نے ملک کو بھکاری بنا دیا ہے ، تمام اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کر کے انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز بنا کر حکومت کو دیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز ایک نیوز کے پروگرام کل تک میں میزبان جاوید چوہدری کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران عمران خان کو کھلا چیلنج دیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے 20 سالہ اثاثوں کا فرانزک آڈٹ کرانے کوتیار ہیں، عمران خان بھی ایسا کریں اور جو غلط ہوگا اسی بطور سزا سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنا ہوگی۔