دنیا

جہاں کہیں بھی ظلم اور استکبار کے خلاف ایران کی مدد درکار ہو، ہم ضرور وہاں مدد کریں گے، آیت اللہ خامنہ ای

تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ جہاں کہیں بھی کفر و استکبار کے خلاف مدد کی ضرورت پڑی، ہم ضرور وہاں پہنچیں گے۔ تہران میں تکفیری مسئلہ اور محبان اہلبیت علیہم السلام نامی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ آج کے دور، خاص کر موجودہ حالات میں مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور ہمدردی اوجب واجبات میں سے ہے، اسلامی جمہوری ایران نے ہمیشہ صہیونی اور استکباری طاقتوں کی جنگ طلبانہ پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا اور اللہ تعالی کے اذن سے ان تمام استعماری طاقتوں پر فتح ہماری ہی گی جس طرح کہ شجرہ خبیثہ داعش کی جڑوں کو شام اور عراق میں خشک کردیا ہے اسی طرح ان کا بھی خاتمہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ عراق اور شام میں داعش کا خاتمہ ہوگیا ہے لیکن ہمیں دشمن کے مکر و فریب سے ہوشیار رہنا ہوگا کیونکہ امریکہ، اسرائیل اور ان کے پیروکار اسلام دشمنی سے باز نہیں آئیں گے، عین ممکن ہے کہ دشمن داعش کی طرح ایک اور سازش کسی اور ملک میں آزمائیں۔انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور دشمن کو کبھی بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہئے، دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کےلئے مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور ہمدردی کا پرچار نہایت ضروری ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ تمام محبین اہل بیت علیہم السلام پر لازم ہے کہ اسلامی ممالک میں اتحاد اور اتفاق کے لئے کوشش کرتے ہوئے امت کو دشمن کی ناپاک سازشوں سے آگاہی دلاتے رہیں، اہل بیت علیہم السلام کی محبت فقط شیعوں کیلئے مختص نہیں ہے جس طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا وجود مبارک مسلمانوں کے لئے اتحاد اور یکجہتی کا سبب ہے اسی طرح اہلبیت علیھم السلام کی محبت بھی مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کا سبب ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا کفر اور استکباری طاقتوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ایران کا اسلامی جمہوری نظام مکمل طور پر اسلامی شریعت کا نفاذ چاہتا ہے اور یہی نظام دشمنان اسلام پر فتح کا وسیلہ بنے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران نے عالمی طاقتوں کی تمام تر پابندیوں کے باجود اللہ کے فضل و کرم سے بہت ترقی کی ہے اور استعاری طاقتوں کے سامنے پوری طاقت کے ساتھ کھڑا ہے، میں واضح طور پر اعلان کرتا ہوں کہ جہاں کہیں بھی کفر، ظلم اور استکبار کے خلاف ایران کی مدد درکار ہو، ہم ضرور وہاں مدد کریں گے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہاکہ فلسطین اسلام کے دشمنوں کو شکست دینے کی کنجی ہے، کیونکہ صہیونی اسلامی ملک فلسطین پر غاصبانہ قبضہ کرکے خطے کے دیگر اسلامی ممالک میں بھی مداخلت کررہے ہیں لہذا اس کینسر کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ ایک دن فلسطینی عوام اپنے وطن کے مالک ہوں گے اور اس دن پوری اسلامی دنیا میں جشن کا سماں ہوگا، جس دن فلسطین آزاد ہوگا اس دن استکبار کی کمر ٹوٹ جائے گی اور ہم اس دن کے لئے کوشش کررہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close