خوشحال بلوچستان دراصل خوشحال پاکستان ہے، سربراہ پاک فوج
کوئٹہ: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ خوشحال بلوچستان دراصل خوشحال پاکستان ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے ہمراہ کوئٹہ میں سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں سماجی و اقتصادی سکیورٹی صورت حال اور خوشحال بلوچستان پروگرام کی منصوبہ بندی پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صوبائی انتظامیہ اور فوجی کمانڈرز بھی موجود تھے۔
اپنے دورے کے دوران پاک فوج کے سربراہ نے بلوچستان کی تعمیرو ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئےکہا کہ خوشحال بلوچستان ہی دراصل ترقی یافتہ پاکستان ہے، پاک فوج خوشحال بلوچستان پروگرام کی کامیابی کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت کو مکمل مدد فراہم کرے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترقیاتی منصوبوں کی سیکیورٹی سے متعلق نکات کی منظوری بھی دی جب کہ آرمی چیف کا یہ دورہ خوشحال بلوچستان اقدام پر عمل درآمد کے سلسلے میں تھا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق خوشحال بلوچستان منصوبے پر تفصیلی با ت چیت اوربعض پہلوؤں پر مزید مشاورت کی ضرورت ہے جنہیں آ ئندہ چندروز میں حتمی شکل دی جائے گی جس کے بعد خوشحال بلوچستان پروگرام کی تفصیلات جلد شیئرکی جائیں گی۔