اب حکومت سے استعفیٰ لیکر رہیں گے، اتوار 26 نومبر کو ملک گیر ہڑتال کی جائے گی، صاحبزادہ حامد رضا
فیصل آباد: سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب حکومت سے استعفیٰ لیکر ہی رہیں گے اور اتوار 26 نومبر کو ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ مختلف شہروں میں حکومت کے ہاتھوں ختم نبوت کے پروانوں کی شہادتوں کے بعد قاتل حکمرانوں کو ایک لمحہ بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا، پاک فوج ظالم اور قاتل حکومت کو چلتا کرے، اہلسنت عوام حکومت کے خاتمے تک سڑکوں پر رہیں گے، قادیانیت نواز حکمرانوں کی ضد نے پورے ملک کا امن داؤ پر لگا دیا ہے، حکمرانوں نے پُرامن دھرنے کیخلاف ریاستی طاقت کا اندھا اور وحشیانہ استعمال کرکے اللہ کے عذاب کو دعوت دی ہے، ختم نبوت حلف نامہ میں تبدیلی کرنیوالوں کیخلاف بروقت کارروائی کی جاتی تو دھرنے اور مظاہروں کی نوبت نہ آتی، ایک وزیر کی خاطر 8 قیمتی جانیں ضائع کی گئی ہیں۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا ہے کہ اب ہماری حکومت سے کھلی جنگ ہوگی، شہداء کا مقدمہ نواز شریف اور شہباز شریف کیخلاف درج کروائیں گے، حکومت نے عاشقان رسول پر گولیاں برسا کر اپنے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے، ختم نبوت کیلئے دیئے گئے دھرنے پر حکومتی ظلم و جبر اور وحشت و بربریت یذیدی فعل ہے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا ہے کہ شمع رسالت کے پروانوں پر حکومتی حملہ اسلام اور پاکستان پر حملہ ہے، حکومت نے ملک بھر میں ہزاروں اہلسنت کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے۔ اب دنیا کی کوئی طاقت موجودہ حکومت کو بچا نہیں سکتی، حکومتی ریاستی دہشتگردی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے اور ختم نبوت کے غداروں کو سزا دلوانے کی ایمانی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے ملک بھر کے تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اتوار 26 نومبر کو بطور احتجاج اپنی دکانیں اور مارکیٹیں بند کر کے تاجدار ختم نبوت سے وفا کا ثبوت دیں۔