بالی وڈ اسٹارز کے بچے اور بہن بھائی، اگلے برس فلم ڈیبیو کیلئے تیار
ممبئی: طویل عرصہ سے بالی ووڈ فلم نگری پر اسٹارز کے بچوں یا بہن بھائیوں کا قبضہ ہے، یا یوں کہا جاسکتا ہے کہ اقرباء پروری جاری ہے، جس کا شکوہ اکثر اداکار کرتے نظر آتے ہیں، جن میں سرفہرست کنگنا رناوٹ اور ودیا بالن ہیں۔
اس کی مثال کے طور پر کپور خاندان، امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن، دھرمیندر کے بیٹے، مھیش بھٹ کی بیٹی عالیہ بھٹ اور دیگر کا نام لیا جاسکتا ہے۔
ان اداکاروں کی صلاحیت پر کسی کو شک نہیں، لیکن نئے ٹیلنٹ کو اپنے بل بوتے پر سامنے لانے کا مطالبہ بھی جائز ہے۔
یہ بحث اپنی جگہ لیکن خبر یہ ہے کہ اگلے سال بھی بالی وڈ کے کچھ نامور ستاروں کے بچے اور بہن بھائی اپنا ڈیبیو دینے کے لیے تیار ہیں، جن میں سارہ علی خان، جھانوی کپور ،اشان کھاتر اور اننیا پانڈے شامل ہیں۔
اننیا پانڈے:
اننیا پانڈے بالی وڈ اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی ہیں اور اپنے دلکش انداز کی وجہ سے خبروں میں اِن رہتی ہیں۔
خوبرو اننیا پانڈے آئندہ سال ہدایت کار کرن جوہر کی فلم ‘اسٹوڈنٹ آف دی ایئر’ کے سیکوئل میں پہلی بار جلوہ گر ہوں جس میں ان کے مدمقابل جیکی شروف کے صاحبزادے ٹائیگر شروف ہوں گے ۔
اشان کھاتر:
بالی وڈ کے مشہور اداکار شاہد کپور سے ہر کوئی واقف ہے، جن کے بہترین انداز اور اداکاری کو مداح بے حد پسند بھی کرتے ہیں اور اب ان کے بھائی اشان کھاتر بھی بالی وڈ میں اپنا ڈیبیو دینے کے لیے تیار ہیں۔
کرن جوہر کی کمپنی دھرما پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم ‘دھڑک’ میں شاہد کپور کے بھائی اشان کھاتر اپنا ڈیبیو دیں گے، جو مراٹھی فلم ‘سیرت’ کا ہندی ری میک ہے۔
جھانوی کپور:
بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ سری دیوی اپنی دلکش اداؤں اور نہایت عمدہ اداکاری کی وجہ سے آج بھی مقبول ہیں۔ سری دیوی کا شمار ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہیں آج کی اداکارائیں بطور اسٹائل آئیکون اور ایک آئیڈیل کے طور پر فالو کرتی ہیں، ایسے میں ان کی صاحبزادی بھی بالی وڈ میں انٹری کو تیار ہیں اور آئندہ برس فلم ‘دھڑک’ کے ساتھ ڈیبیو کریں گی۔
جھانوی کے ساتھ شاہد کپور کے بھائی اشان بھی اس فلم میں کام کر رہے ہیں۔
فلم ‘دھڑک’ آئندہ سال 6 جولائی کو ریلیز کی جائے گی جس کی اطلاع فلم ساز کرن جوہر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں فلم کا پوسٹر شیئر کرکے دی۔
سارہ علی خان:
بالی وڈ میں چھوٹے نواب کے نام سے مشہور سیف علی خان کی صاحبزادی سارہ علی خان بھی اس وقت اپنی ڈیبیو فلم ‘کیدرناتھ’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو آئندہ سال 21 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔
فلم میں سارہ علی خان پہلی بار سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ کام کریں گی جو اس سے قبل بالی وڈ میں کئی فلمیں کرچکے ہیں۔
سارہ علی خان فلم ‘کیدرناتھ’ میں ایک نوجوان زائر کا کردار نبھائیں گی جو ہمالیہ کے پہاڑوں کے درمیان تیرتھ یاترا پر جاتی ہیں۔