کاجول کا 25 سالہ فلمی کیریئر میں انوکھا اعزاز
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کاجول کا کہنا ہے کہ 25 سالہ فلمی کیریئر میں کبھی بھی فلم کی شوٹنگ منسوخ نہیں کرائی۔ کاجول کو بالی ووڈ انڈسٹری میں 25 سال ہوگئے ہیں اور اس عرصے کے دوران انہوں نے بے شمار بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جس میں ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ اور ’عشق‘ سمیت متعدد فلمیں شامل ہیں۔
ایک انٹرویو میں 43 سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر کبھی فلم کی شوٹنگ کے دوران آپ بیمار ہوجائیں اور سیٹ پر نہ پہنچ پائیں تو یہ بہت بڑا نقصان ہوتا ہے، فلم کی شوٹنگ منسوخ ہوجائے تو لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے لہذا کسی بھی اداکار کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلم کی شوٹنگ کو مکمل کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ 25 سالہ فلمی کیریئر کے دوران نہ کبھی کسی فلم کی شوٹنگ اور نہ ہی فلائٹ منسوخ کرائی، سوائے ایک بار جب بیٹی بیمار تھی تو شوٹنگ سے چھٹی لی تھی۔
کاجول نے کہا کہ ایک بار بیٹی کو بہت تیز بخار تھا تو پروڈیوسر کو کال کرکے بتایا کہ آج شوٹنگ پر نہیں آسکتی تاہم اگر خود کو تیز بخار بھی ہوتا تھا تو شوٹنگ پر ہمیشہ وقت پر پہنچتی تھی۔