پنجاب

آصف زرداری اور نواز شریف کی پارٹنر شپ نے ملک کو مقروض کردیا، عمران خان

لیہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی پارٹنر شپ نے ملک کو مقروض کردیا ہے اور اگر یہ سب ایسے ہی چلتا رہا تو پاکستان کا مستقبل برا ہوگا۔ لیہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ قوموں کی زندگی میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، نہ کوئی ہمیشہ اوپر رہتا ہے اور نہ کوئی ہمیشہ نیچے، جو قومیں ظلم کے نظام کے سامنے جہاد نہیں کرتی وہ برباد ہوجاتی ہیں۔ ایک وقت تھا جب پاکستان سب سے آگے جارہا تھا لیکن اب سب سے پیچھے کیوں ہے، آصف زرداری اور نواز شریف کی پارٹنر شپ نے ملک کو مقروض کردیا، ان کے آنے سے پہلے ہر پاکستانی 35 ہزار کا مقروض تھا اور آج ایک لاکھ 20 ہزار کا مقروض ہے، انہوں نے ایک چھوٹے سے طبقے کو نوازا اور عوام کو مقروض کردیا، اگر ایسی ہی چلتے رہے تو پاکستان کا مستقبل برا ہوگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت دوسروں سے مختلف ہو گی، ہماری ساری پالیسی غریبوں کے لیے بنیں گی، ہر پاکستانی سبز پاسپورٹ دنیا میں فخر سے لے کرجائے گا، ملک میں سوئٹزرلینڈ سے زیادہ سیاح آئیں گے اور یہاں بیرون ملک سے لوگ نوکریوں کے لیے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں کا معیار بلند کیا ہے، ہم نے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی تعداد 3 ہزار سے بڑھا کر9 ہزار کر دی ہے، اب عوام کو ہر سرکاری اسپتال میں ڈاکٹر ملیں گے، ہم نے 3 برسوں میں ایک ارب 3 کروڑ درخت لگائے اور صوبے میں چھانگا مانگا جتنے 40 جنگل اگائے ہیں، پختونخوا میں پہلی بار ڈیڑھ لاکھ بچے پرائیویٹ سے سرکاری اسکولوں میں آئے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جب بھی الیکشن آئے گا، یہ سارے چور اکھٹے بھی ہوجائیں تو تحریک انصاف انہیں شکست دے گی جب کہ نواز شریف کو جواب دینا ہوگا اور اگر جواب نہیں دیا تو ان کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہوگا، نواز شریف اپنا موازنہ میرے ساتھ نہ کریں بلکہ سلطانہ ڈاکو سے کریں، میں وہ پاکستانی ہوں جو اپنا پیسا باہر سے ملک میں لے کر آیا، نواز شریف کا نظریہ الیکشن میں دھاندلی ہے، سب کو پیسا کھلاؤ، دھاندلی سے الیکشن جیتو اور پھر اقتدار میں آؤ۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستانی قوم سب سے زیادہ خیرات اور سب سے کم ٹیکس دیتی ہے، ملک سے ایک سال میں ایک ہزار ارب روپیہ چوری ہوکر باہر جارہا ہے، جب پیسے والے ٹیکس نہیں دیتے توعوام پر ٹیکس لگتا ہے، ہماری حکومت آئی تو عوام کے ٹیکس کا پیسہ چوری نہیں ہونے دیں گے، کرپشن مافیا کو شکست دیں گے تو ملک میں سرمایہ کاری آئے گی۔ غریب قوم کا پیسہ کیسے شہنشاہوں پر خرچ ہوسکتا ہے، اس لیے سب سے پہلے لاہور میں گورنر ہاؤس کو گرائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال معتبر شکل بناکر معتبر جھوٹ بولتے ہیں، محمودخان اچکزئی نے اپنے ضمیر کی چھوٹی قیمت لگائی، سارے خاندان کو اٹھا کر اسمبلی میں لے گئے جب کہ مولانافضل الرحمان بھی اپنی کرپشن بچانے کے لیے نواز شریف کے ساتھ ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close