سانحہ ماڈل ٹاؤن کےشہداء کے لواحقین کو مصدقہ رپورٹ مل گئی
لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے درجنوں کارکنوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کے لیے سول سیکریٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا اور رپورٹ کی مصدقہ کاپی ملنے کے بعد احتجاج ختم کردیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے جوڈیشل رپورٹ کے حصول کے لیے لاہور میں سول سیکریٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا۔ اس دوران حکومت کے خلاف اور جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے حصول کے لیے نعرے بازی بھی کی گئی۔دوسری جانب انتظامیہ نے سول سیکرٹریٹ کے داخلی دروازے عام شہریوں کے لیے بند کر دیے جب کہ کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔ احتجاج کے کچھ دیر بعد پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما خرم نواز گنڈا پور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کل ہم نے سیکریٹری داخلہ کو رپورٹ کی درخواست دی تھی، اسپیشل سیکریٹری نے ہمیں رپورٹ دے دی ہے، اس رپورٹ کے ایک ایک صفحے پر مہر اور دستخط موجود ہے، ہمارامقصد رپورٹ کا حصول تھا جو پورا ہوگیا۔