سندھ

مجھے پاکستان سے تعلق پر فخر ہے، میئر لندن کی مزار قائد پر حاضری

کراچی: میئر لندن صادق خان نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی اور کہا کہ مجھے پاکستان سے اپنے تعلق پر فخر ہے۔ لندن کے میئر صادق خان ان دنوں اپنے 16 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان کے 3 روزہ دورے پر ہیں اور آج انہوں نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی ہے۔ میئر لندن کی مزار قائد آمد پر پاک بحریہ کے افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ صادق خان نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر صادق خان نے کہا کہ پاکستان میں مہمان نوازی پر بے حد خوش ہوں، ہمیں آئندہ کے 70 سال پر کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات تاریخی ہیں، لندن میں تمام مذاہب کے لوگ آباد ہیں، پاکستانیوں کے لیے لندن میں تجارت اور تعلیم کے دروازے کھلے ہیں، لندن میں تمام مذاہب کو ہر قسم کی آزادی ہے۔ صادق خان نےاپنے تاثرات کتاب میں قلمبند کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ میں نے پاکستان کا دورہ کیا اور ’مجھے اپنے پاکستانی ہونے پر فخر ہے‘۔
واضح رہے کہ میئر لندن صادق خان پاک بھارت کے دورے پر ہیں جس کے پہلے مرحلے پر انہوں نے بھارت کے شہروں ممبئی، نئی دہلی اور امرتسر کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے پر وہ پہلے لاہور آئے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی۔لاہور کے بعد صادق خان کراچی آئے ہیں بعد ازاں اپنے دورے کے آخری روز وہ اسلام آباد جائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close