نواز کو کٹہرے میں لائے، اب باری زرداری کی ہے، عمران خان
اسلام آباد: پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف سندھ کو زرداری اور اسکے کرپٹ چیلوں کے چنگل سے چھڑوائے گی اور نواز کوکٹہرے میں لے آئے اب زرداری کی باری ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے مرکزی سینئر نائب صدر علی زیدی کی ملاقات ہوئی۔ جس میں علی زیدی کی جانب سے سندھ خصوصاً کراچی کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل پربریفنگ دی گئی۔ ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ اگلے ہفتے کراچی آرہا ہوں، عوام سے مل کر زرداری اور کرپٹ ٹولے کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حیوانیت کی حد تک لوٹ کھسوٹ ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے۔ تحریک انصاف سندھ کو زرداری اور اس کے کرپٹ چیلوں کے چنگل سے چھڑوائے گی۔ نواز کو کٹہرے میں لے آئے اب زرداری کی باری ہے۔ سندھ پر خصوصی نظر ہے، تبدیلی لائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے اور پاکستان اور سندھ کے وجود کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے کرپشن کے امام کا تعاقب کریں گے۔ رہنما تحریک انصاف علی زیدی نے کہا کہ سندھ پیپلز پارٹی کی بدترین انتظامی کارکردگی کی بھینٹ چڑھ رہا ہے، سندھ کے ظالم حکمران عوام سے پینے کے صاف پانی جیسا بنیادی حق بھی ہتھیا چکے ہیں، “روٹی، کپڑا، مکان” اور “جئے مہاجر”جیسے کھوکھلے نعرے لگا کر سندھ کے عوام کی رگوں میں زہر اتارا جا رہا ہے۔ محنتی، مخلص اور محب وطن سندھی عوام پر بدترین اور کرپٹ ترین ٹولہ مسلط ہے اس لیے شہری اور دیہی سندھ کی امیدوں کا واحد مرکز “تبدیلی” کا پیغام ہے۔