نااہلی درخواست، الیکشن کمیشن نے ڈپٹی میئر کراچی سے جواب طلب کرلیا
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے دائر نااہلی سے متعلق درخواست پر ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا سے جواب طلب کرلیا۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا کو نااہل کرنے کی ایم کیو ایم پاکستان کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے فاروق ستار سے استفسار کیا کہ نااہلی درخواست کے ساتھ شوکاز نوٹس کی کاپی کہاں ہے جس پر فاروق ستار نے کہا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت شوکاز نوٹس کی ضرورت نہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ ارشد وہرا ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر یو سی چیئرمین بنے اور ڈیڑھ ماہ قبل انہوں نے وفاداری تبدیل کی۔ الیکشن کمیشن نے ابتدائی سماعت کے بعد ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا سے جواب طلب کرتے ہوئے نااہلی درخواست پر سماعت 26 دسمبر تک کے لئے ملتوی کردی۔
سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آرٹیکل 63 ون اے اور الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت درخواست دی اور استدعا کی ہے کہ ارشد وہرا کی بنیادی رکنیت ختم کی جائے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ارشد وہرا نے خود پریس کانفرنس میں پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا جن کے خلاف الیکشن کمیشن میں سندھ گورنمنٹ ایکٹ 36 اے کے تحت بھی درخواست دی ہے۔