اقتصادی راہداری کو نوازشریف نے قرض لینے والی ایجنسی سمجھا، آصف زرداری
ملتان: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کی حکومت نے ملک کو معاشی اور سیاسی طور پر گھٹا ٹوپ اندھیروں میں دھکیل دیا ہے، انہیں سی پیک کی تعریف کرنا بھی نہیں آتا، اقتصادی راہداری کو انہوں نے قرض لینے والی ایجنسی سمجھ رکھا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کو جب اقتدار ملا مشرف ان کے سنیوں پر بیٹھا ہوا تھا، نواز شریف خود ہی اس ڈکٹیٹر کو لائے تھے مگر ہم نے مشرف کو مکھن سے بال کی طرح نکالا، تاکہ ملک کو کچھ نہ ہو۔ ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ہمیں ملک ٹکڑوں میں ملا تھا۔ نواز شریف فرعونیت کی انتہائوں کو چھو رہے تھے، یہ لوگوں سے پوچھ رہے ہیں انہیں کیوں نکالا، میاں صاحب آپ کو اللہ نے نکالا وسیلہ جج بنے، آصف زرداری نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کہتے ہیں کہ شاید حکومت جانے والی ہے تو میں کہتا ہوں کہ جانے والی نہیں بلکہ آپ کی حکومت جا رہی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت کے خلاف ابھی تک کوئی سازش نہیں کی، ہو سکتا ہے کل کر دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف پاکستانی عوام پر عذاب بن گئے تھے اور ان سے ملک کا کوئی طبقہ خوش نہیں تھا، ان سے صرف ان کے قریبی چار پانچ افراد ہی خوش تھے جن پر میاں صاحب نوازشات کی بارش کر رہے تھے۔