اسلام آباد
تاریخ میں پہلی بار آرمی چیف سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دیں گے
اسلام آباد: پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سینیٹ کمیٹی کو خطے کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی پوری ایوان پر مشتمل کمیٹی کا اہم ان کیمرہ اجلاس منگل کے روز صبح 10 بجے طلب کرلیا گیا ہے اور پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوگا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی ملٹری آپریشنز خطے کی صورتحال پر کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی کا اجلاس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد بلایا گیا ہے، اور سینیٹ کمیٹی کے اجلاس میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان سے پیدا ہونے والی صورتحال پر حکمت عملی طے کی جائے گی جبکہ سربراہ پاک فوج علاقائی سلامتی کی صورتحال پر سینیٹ کمیٹی کو اعتماد میں بھی لیں گے۔ سینیٹ میں قائد ایوان کی تحریک کے نتیجے میں اگست میں کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔