انٹرا پارٹی انتخابات کیس، پی ٹی آئی تفصیلات فراہم نہ کر سکی،الیکشن کمیشن کی 27 دسمبر تک کی مہلت
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کیخلاف درخواست کی سماعت 27 دسمبر تک ملتوی کردی، تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضا حیات کی سربراہی میں بنچ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق درخواست کی سماعت کی،دوران سماعت پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر اعظم سواتی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان پیش نہ ہوئے۔چیف الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی جانب سے تفصیلات جمع نہ کرانے پربرہمی کا اظہار کیا،پی ٹی آئی چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ میں ملک سے باہر تھا،آرڈر کی کاپی کےلئے درخواست دی ہے،اس پر چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ ابھی آرڈر پڑھ لیں اورتفصیلات فراہم کریں، چیف الیکشن کمیشن نے استفسار کیا کہ ان تفصیلات کو فراہم کرنے میں کتنا وقت لگ جائے گا ؟،اعظم سواتی نے کہا کہ دلائل مکمل کر لئے تھے، پھربھی تفصیلات طلبی کے احکامات جاری کئے گئے،ہم اپنا دفتربھی شفٹ کر رہے ہیں مہلت دی جائے،چیف الیکشن کمیشن سردار رضا حیات نے اعظم سواتی کو 27 دسمبر تک کی مہلت دیتے ہوئے تفصیلات طلب کر لیں۔