غیر ملکی سرمایہ کاری مثبت پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے، وزیراعظم عباسی
فیصل آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فیصل آباد میں مقامی طور پر گاڑیوں کی تیاری کے لیے نشاط، ہنڈائی کے مشترکہ پلانٹ ایم ون انڈسٹری سٹی کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف شعبہ جات میں غیر ملکی سرمایہ کاری حکومت کی مثبت پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔
فیصل آباد میں ہنڈائی-نشاط کار پلانٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ماضی میں سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں میں عدم تسلسل کے باعث ملک کو مسائل کا سامنا رہا لیکن اب پالیسیوں کے استحکام سے کامیابیاں مل رہی ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔
ان کہنا تھا کہ یہ وہ اصل پاکستان ہے جہاں سرمایہ کاری آ رہی ہے اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ‘پاکستان وہ نہیں جس کو آپ سی این این میں دیکھتے ہیں بلکہ یہ ہے اصل پاکستان اور پاکستان کئی کامیابیوں کی کہانی ہے’۔
انھوں نے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہنڈائی اور نشاط گروپ کی سرمایہ کاری پر ان کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ خیال رہے کہ فیصل آباد میں گاڑیوں کا یہ پلانٹ ہنڈائی موٹر کمپنی اور مقامی ٹیکسٹائل نشاط ملز کی مشترکہ کاوش ہے۔
ہنڈائی-نشاط موٹر لمیٹڈ نے رواں ہفتے آٹومیٹو ڈیولپمنٹ پالیسی 2016-21 کے تحت وزارت صنعت و پیداوار سے معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت مقامی طور پر گاڑیوں کی تیاریوں کا عمل شرع کرنا تھا۔
نشاط ملز پاکستان کے نشاط گروپ کی ذیلی کمپنی ہے جو ملک میں بینکنگ، ٹیکسٹائلز، توانائی اور سیمنٹ کے شعبوں میں نمایاں نام ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان میں نجکاری کی پالیسی خاصی کامیاب رہی ہے اور اسی تناظر میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں نجکاری کا عمل شروع کیا۔
اس موقع پر وزیر تجارت پرویز ملک، وزراء مملکت عابد شیر علی، طلال چوہدری، ارکان پارلیمان، ممتاز صنعت کار اور کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔