خیبر پختونخواہ

نوشہرہ، باپ نے 3 کمسن بچوں سمیت دریائے کابل میں چھلانگ لگا دی

نوشہرہ: خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں ماں کی جانب سے بچوں کی مناسب اور بہتر پرورش نہ ہونے پر باپ نے 2 کمسن بیٹوں اور 1 بیٹی سمیت دریائے کابل میں چھلانگ لگا دی۔ ملاحوں نے باپ کو زندہ اور ایک بچے کو مردہ حالت میں نکال لیا جبکہ 2 بچوں کی تلاش جاری ہے۔ جمعرات کے روز نوشہرہ کے علاقہ بدرشی عیسی خیل کے رہائشی عالمگیر نے اپنے 3 سالہ بیٹے دانیال، 5 سالہ بیٹے عاطف اور 7 سالہ بیٹی ردا کو جناح باغ کی سیر اور واک کے بہانے گھر سے روانہ کیا اور ریلوے لال پل (سور پل) کے عین وسط میں پہنچ کر پہلے ایک بیٹے اور بیٹی کو دھکا دے کر دریائے کابل میں پھینک دیا جبکہ 3 سالہ کمسن بیٹے دانیال سمیت خود بھی دریا میں چھلانگ لگا دی۔ مقامی ملاحوں نے کافی تگ و دو کے بعد عالمگیر کو زندہ اور 3 سالہ بچے کو مردہ حالت میں نکال لیا جبکہ دیگر دو بچوں کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے جس کیلئے آرمی اور پولیس کی غوطہ خور ٹیموں سے بھی مدد طلب کی گئی ہے۔ ڈی پی او نوشہرہ کے مطابق عالمگیر نے پولیس کو بتایا کہ وہ کویت میں محنت مزدوری کرتا ہے اور حال ہی میں وطن واپس آیا ہے، بیرون ملک مزدوری کے دوران جو کچھ بھی کمایا بیوی عالیہ اور بچوں کی پرورش کیلئے بھیج دیتا تھا، مگر اہلیہ بطور والدہ بچوں کی بہتر نگہداشت اور تربیت نہ کرسکی اور ساری رقم فضول خرچیوں میں اُڑھا دی جس کی وجہ سے بچوں کی یہ حالت دیکھ کر دلبرداشتہ ہوگیا اور یہ قدم اٹھایا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close