اسلام آباد

اسپیکرز کانفرنس کا اعلامیہ جاری، نئی امریکی مہم جوئی روکنے کیلئے کوششوں کی ضرورت ہے، علی لاریجانی

اسلام آباد میں ہونے والی پہلی چھ ملکی سپیکرز کانفرنس میں پاکستان، چین ، روس، ترکی، ایران اور افغانستان نے علاقائی سالمیت، خودمختاری اور آزادی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا تعلق کسی مذہب، قومیت، تہذیب، ثقافت یا نسلی گروپ کے ساتھ نہیں جوڑا جانا چاہیئے۔ دہشت گردی ہمارے ممالک سمیت پوری دنیا کیلئے مشترکہ خطرہ ہے، ہم اس کی کسی بھی قسم کی مذمت کرتے ہیں۔ ہماری حکومتوں کو چاہیئے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عالمی اور علاقائی امن کو یقینی بنانے کیلئے جموں کشمیر کے تنازعہ کا پرامن حل نکالیں۔ دہشت گردی کے نظریات کے پھیلاو اور پروپیگنڈا کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے عملی اور ٹھوس اقدامات اٹھائیں، پاکستان اور بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں موثر تعاون ضروری ہے۔ اعلامیے کے مطابق کانفرنس میں شریک ممالک کا ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا خیر مقدم کیا گیا۔ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کی مخالفت اور مسئلہ فلسطین اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ 6 ملکی سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے سپیکر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ آج کے دور میں دہشت گردی کی بنیاد بہت مختلف ہے۔ رکن ملکوں کے درمیان انٹیلی جنس طریقہ کار بنانے کی ضرورت ہے۔ کانفرنس میں صدر ممنون حسین، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق شریک ہوئے۔ ایرانی سپیکر علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ 3 دہائیوں سے دہشت گردی سے لڑ رہے ہیں۔ بنیادی اصولوں پر اسلام میں تمام گروہ متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امریکا کی نئی مہم جوئی اور سائبر شعبے میں بھی دہشت گردی روکنے کیلئے کوششوں کی ضرورت ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close