پاکستان کو ”ٹیررستان“کہنے والی بھارتی سفارتکار کے ساتھ نئی دہلی میں دہشتگردی
اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والی بھارتی سفارت کار اینم گھمبیر جب اپنے دیس واپس لوٹیں تو ان کے ساتھ بھارتی دارالحکومت میں دو دو ہاتھ ہو گئے، دو موٹر سائیکل سواروں نے بھارتی سفارتکار سے ان کا موبائل چھینا اور نو دو گیارہ ہوگئے۔ بھارتی ٹی وی چینل ”این ڈی ٹی وی“ کے مطابق اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل مشن کی فرسٹ سیکرٹری اینم گھمبیر روہانی میں اپنی والدہ کے ہمراہ چہل قدمی کر رہی تھیں کہ دو موٹر سائیکل سوار ان کے پاس آئے اور ان سے راستہ پوچھا۔موٹر سائیکل سواروں نے بھارتی سفارتکار کو باتوں میں الجھایا اور ان کا موبائل چھین کر فرار ہوگیا۔ اینم گھمبیر موبائل چھن جانے سے اس قدر خوف زدہ ہوگئیں کہ وہ موٹر سائیکل کا نمبر بھی نہیں دیکھ سکیں۔ سفارت کار کے مطابق لٹیروں نےمجھ سے ہنومان مندر کا راستہ دریافت کیا۔ جب میں نے اپنے ہاتھ میں موبائل پکڑ کر ہنومان مندر کی جانب اشارہ کیا تووہ فورا میرا موبائل فون لے کر فرار ہوگئے۔ میرا چوری شدہ آئی فون امریکہ میں رجسٹرڈ ہے اور اس میں میری کئی اہم دستاویزات موجود ہیں۔ یہ واقعہ صبح سویرے پیش آیا مگر تاحال اس حوالے سے کوئی بھی فرد گرفتار نہیں کیا جا سکا۔