نواز شریف اور عمران خان دونوں ہی لاڈلے، مشرف جیسا بزدل دنیا میں کوئی نہیں، بلاول بھٹو زرداری
سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مشرف جیسا بزدل دنیا میں کوئی نہیں جو عدالت جاتے ہی کمر درد کا بہانے بناتے ہیں اور شور مچاتے ہیں مجھے پاکستان سے نکالو، اعتزاز احسن نے درست کہا تھا کہ دو لاڈلوں کے درمیان لڑائی ہورہی ہے، نواز شریف اور عمران خان دونوں ہی لاڈلے ہیں اور اس وقت دو نوں لاڈلوں کے درمیان اقتدار کی رسہ کشی جاری ہے۔
سکھر پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ نوازشریف کبھی بھی نظریاتی نہیں ہوسکتے، ان کے پاس کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی کوئی ویژن جو ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر سکے۔ہم نوازشریف پراعتمادنہیں کرسکتے اور آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں آئیں گے۔ آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے آج تک افواہیں چل رہی ہیں لیکن الیکشن وقت پرہوں گے،حکومت مدت پوری کرے گی اور ملک پاکستان میں الیکشن پرامن ہوں گے ۔
بلاول کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سندھ میں آتے ہیں توزیادہ ناراض ہوجاتے ہیں۔ سہیون شریف میں ناکام جلسے کے بعد انہوں نے ڈراما رچا یا اور سندھ میں اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے پیپلز پارٹی کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹا پروپیگنڈہ کرتے ہیں۔ ماڈل ٹاﺅن میں معصوم افراد پر گولیاں چلائی گئیں ، ہم سانحہ ماڈل ٹاو¿ن کے شہداکے اہلخانہ کیساتھ کھڑے ہیں اور شہدا کو انصاف دلانے کے لئے طاہرالقادری کی مکمل حمایت کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پرویز مشرف قاتل ہیں،محترمہ کے قتل میں بھی سابق صدر مشرف کا ہاتھ تھا جبکہ نواب اکبربگٹی کے بھی قاتل پرویزمشرف ہیں۔ سابق فوجی آمر جیسا بزدل کوئی نہیں دیکھا جو عدالت میں جائے اور رونا شروع کردے پرویزمشرف اتنے بہادرہیں توپاکستان آکرجواب دیں۔