عراق : داعش کا سپین کے فٹ بال کلب پر حملہ،16افراد ہلاک،گلیوں میں خون بہتا رہا
بغداد: عراقی دارالحکومت بغداد میں سپین کے فٹبال کلب رئیل میڈرڈ پر داعش کے حملے میں 16 افراد ہلاک اور 30 کے قریب زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش نے عراق کے دارالحکومت بغداد کے قریبی علاقے میں سپینش فٹبال کلب رئیل مڈرڈ کے فین کلب پر حملہ کرکے 16 افراد کو قتل کردیا جب کہ حملے کے نتیجے میں 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کلب میں رئیل میڈرڈ کے فین سابقہ میچز کی ویڈیوز دیکھنے میں مصروف تھے کہ اسی دوران داعش کے جنگجووں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا۔
داعش کی جانب کھیلی گئی اس خون کی ہولی کے دوران بہنے والا انسانی خون عمارت سے باہر گلیوں تک پھیل گیا۔شدید فائرنگ اور انسانی آہ و بکا سے علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ملزم فرار ہو گئے۔دریں اثنا پولیس ،امدادی کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی جس نے زخمیوں اور لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
رئیل میڈریڈ نے اس واقعہ پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والو ں کے لواحقین اور زخمیوں سے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔