شاہد کپور اور کترینہ کیف کی ’بتی گل میٹر چالو‘
’پدماوتی‘ کی طرح شاہد کپور کی آنے والی فلم ’بتی گل میٹر چالو‘ بھی کئی ماہ سے فلم کی ہیروئن نہ ملنے کے باعث مشکلات کا شکار ہے۔ ’بتی گل میٹر چالو‘ کے فلم ساز شری نارائن سنگھ کو ہیرو کے لیے شاہد کپور تو گزشتہ 8 ماہ سے مل گئے تھے، تاہم انہیں فلم کی ہیروئن تلاش کرنے میں مشکلات درپیش تھیں۔
فلم کے لیے سب سے پہلے اداکارہ وانی کپور کا نام لیا گیا، تاہم بعد ازاں انہیں ہیروئن بنائے جانے کی خبریں افواہیں ثابت ہوئیں، جس کے بعد بھومیکا پڈنیکر کا نام لیا گیا۔
تاہم بھومیکا پڈنیکر کی ہیروئن بننے کی خبریں بھی جلد ہی ماضی کا قصہ بنیں، جس کے بعد شردھا کپور کا نام سامنے آیا، تاہم شردھاکپور بھی ’بتی گل میٹر چالو‘ کی ہیروئن نہ بن سکیں۔
اب بولی وڈ بار بی ڈول کترینہ کیف سے متعلق خبر سامنے آئی ہے کہ انہیں ’بتی گل میٹر چالو‘ کے لیے کاسٹ کرلیا گیا، اور انہوں نے اس کے لیے رضامندی بھی ظاہر کردی۔
بولی وڈ ہنگامہ کے مطابق ’بتی گل میٹر چالو‘ میں شاہد کپور پہلی بار کترینہ کیف کے ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔
اس سے قبل کترینہ کیف کو شاہد کپور کی فلموں ’پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو‘ اور ’شاندار‘ میں کام کرنے کی پیش کش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے وقت نہ ہونے کا عزر دیتے ہوئے ’پدماوتی‘ ہیرو کے ساتھ کام کرنے سے معزرت کرلی تھی۔
اب شاہد کپور نے اپنے قریبی دوستوں کو اس بات سے آگاہ کردیا ہے کہ بلآخر سالوں کے بعد انہیں بولی وڈ بار بی ڈول کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل گیا۔
شاہد کپور نے ان خدشات کا بھی اظہار کیا کہ انہیں محسوس ہوا کہ شاید اس بار بھی کترینہ کیف وقت نہ ہونے کا بہانہ بناکر فلم میں کام کرنے سے معزرت کردیں گی، تاہم ایسا نہیں ہوا۔
تاہم ابھی تک فلم کی ٹیم نے کترینہ کیف کی بطور ہیروئن مکمل طور پر تصدیق یا تردید نہیں کی۔
خیال رہے کہ فلم ساز شری نارائن سنگھ کی اس فلم کا پہلا پوسٹر رواں برس اکتوبر میں ہی جاری کردیا گیا تھا، جس میں شاہد کپور کو دکھایا گیا تھا۔
فلم کی کہانی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے غلیظ کاروبار اور ان کے کاروبار سے متاثر عوام کے گرد گھومتی ہے۔
فلم میں شاہد کپور ایک وکیل کے کردار میں نظر آئیں گے، جو بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے خلاف قانونی جنگ کرتے دکھائیں گے۔
اس سے قبل فلم ساز شری نارائن کی رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ سپر ہٹ ثابت ہوئی تھی، ان کی دیگر کامیاب فلموں میں ’بے بی، اسپیشل 26، اے وینسڈے، ایم ایس دھونی، رستم، ہم ہیں راہی پیار کے، گاندھی ٹو ہٹلر اور سات اچکے‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ کترینہ کیف اور شاہد کپور ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔
کترینہ کیف کی 22 دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ سپر ہٹ ثابت ہوئی، جب کہ شاہد کپور کی فلم ’پدماوتی‘ کے خلاف کئی ماہ سے ہندو انتہاپسندوں کے جاری مظاہروں کے باعث اسے یکم دسمبر کو ریلیز نہیں کیا جاسکا۔