قاہرہ میں چرچ اور شاپنگ سینٹر پر حملے میں 12 افراد ہلاک
قاہرہ: مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں چرچ اور شاپنگ سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق قطبیوں کے چرچ سے عبادت کرکے نکلنے والے افراد پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ دوسرا زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔وزارت داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ فرار دہشت گرد کو سیکیورٹی فورسز نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا جو کئی حملوں میں ملوث بھی رہا ہے۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اس حملے میں 7 شہری،2 پولیس اہلکار اور دہشت گرد سمیت 10 افراد ہلاک ہوئے جب کہ ایک گھنٹے بعد اسی علاقے میں قطبی ملکیتی شاپنگ سینٹر پر مسلح شخص کے حملے میں مزید 2 افراد مارے گئے۔خیال رہے کہ مصر میں رواں سال چرچ اور مسیحی افراد پر متعدد حملوں میں 100 سے زائد مسیحی مارے جاچکے ہیں اور ان حملوں کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش کی ایک ذیلی تنظیم نے قبول کی ہے۔