یمنی فورسز کے حملے میں 50 سے زائد سعودی ایجنٹ ہلاک اور زخمی
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ تعز کے علاقہ "یختل” میں 50 سے زیادہ سعودی اتحادی ایجنٹوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا ہے۔ یمنی فوجی کے نائب ترجمان نے جمعے کے روز یہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبے تعز کے شمال مغربی ساحل کے علاقے "یختل” میں جارح اتحادی افواج کے خلاف کامیاب حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 50 سے زائد سعودی ایجنٹ ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ بریگیڈیر عزیز راشد نے کہا کہ یمنی فورسز، سعودی عرب کی کمانڈ کے تحت حرکت کرنے والی جارح اتحادی بٹالینز کو مغربی ساحل کے علاقے میں آگے بڑھنے سے روکنے اور انہیں سنگین جانی اور مالی نقصان پہنچانے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔ اس حملے میں یمنی فوجیوں نے سعودی اتحادی ایجنٹوں کی 16 فوجی گاڑیوں کو تباہ کر دیا اور سعودی اتحاد کے 50 سے زائد فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے، جس کی وجہ سے سعودی اتحادی فوج کی صفیں درہم برہم ہوگئی ہیں۔
بریگیڈیر عزیز راشد کا مزید کہنا تھا کہ سعودی اتحادی ملیشیا اب ہمارے محاصرہ میں ہے اور انہوں نے یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورسز کو یہ پیشکش کی ہے کہ بکتر بند گاڑیوں کے بدلے میں سعودی عرب سے وابستہ مسلح ملیشیا کے افراد کو محاصرہ سے نکلنے کی اجازت دی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کی قیادت میں موجود اتحادی جنگی بحری جہازوں میں اتنی جرات نہیں ہے کہ وہ اپنی اتحادی ملیشیا کی نجات کے لئے یمن کے ساحلی علاقہ میں داخل ہوسکیں، کیونکہ وہ اچھی طرح جانے ہیں کہ یمنی فوج کا میزائل سیسٹم "مندب1” ان کا انتظار کر رہا ہے۔ دوسری جانب صوبہ "الحدیدہ” کے شہر "الخوخہ” میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار لاوڈ اسپیکر کے ذریعے یہ اعلان کر رہے ہیں کہ انکے محاصرہ میں موجود سعودی اتحادی ملیشیا کے باقی بچ جانے والے عناصر اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے ہتھیار ڈال دیں۔