کھیل و ثقافت

مشتبہ پیکٹ تربیت میں استعمال ہونے والا آلہ تھا

پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے سٹیڈیم سے ملنے والا مشتبہ پیکٹ تربیت میں استعمال ہونے والا آلہ تھا۔

مانچسٹر میں بم ڈسپوزل سکواڈ نے اس مشتبہ پیکٹ کو دھماکے سے تباہ کر دیا تھا اور کہا تھا کہ اس سے پیکٹ سے دھماکہ نہیں ہو سکتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ’ایک نجی کمپنی بدھ کو ہونے والے تربیتی مشق کے بعد یہ آلہ حادثاتی طور پر سٹیڈیم میں بھول گئی۔‘

انگلش پریمیئر لیگ کا میچ اب دوبارہ منگل کو برطانیہ کے وقت کے مطابق آٹھ بجے کھیلا جائے گا۔

گریٹر مانچسٹر کے میئر اور پولیس کمشنر نے کہا ہے کہ’ یہ صورتحال ناقابل قبول ہے اور وہ فوری تحقیقات چاہتے ہیں کہ یہ کیسے ہوا اور کیوں ہوا اور اس کا ذمہ دار کون ہے۔‘

خیال رہے کہ پیکٹ ملنے کی وجہ سے انگلش پریمیئر لیگ کے آخری دن مانچسٹر یونائیٹڈ اور بورن متھ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔

یہ میچ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ سٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق شام تین بجے شروع ہونا تھا لیکن پہلے اس کے آغاز میں تاخیر کا اعلان کیا گیا اور پھر اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ میچ کی منسوخی کا فیصلہ پولیس کے مشورے پر کیا گیا۔

میچ سے قبل وارم اپ کے لیے کھلاڑی پر پچ پر آ گئے تھے تاہم دو بج کر 40 منٹ پر ’آپریشن ریڈ کوڈ‘ الرٹ جاری ہونے کے بعد وہ بھی واپس چلے گئے۔

کھیل کے آغاز سے قبل ہی میدان میں ایک مشتبہ پیکٹ کی موجودگی کی اطلاعات پر سر ایلکس فرگوسن سٹینڈ اور سٹریٹفرڈ اینڈ سٹینڈ کو تماشائیوں سے خالی کروا لیا گیا تھا۔

تماشائیوں کی بحفاظت منتقلی کے بعد سٹیڈیم کی تلاشی کے لیے دھماکہ خیز مواد کی بو سونگھنے والے کتّے طلب کیے گئے۔

بم ڈسپوزل سکواڈ نے مشتبہ پیکٹ کو مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے دھماکے سے تباہ کر دیا۔

مشتبہ پیکٹ سٹیڈیم کے شمال مغربی کونے سے برآمد ہوا جس کے بعد سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں سے کہا گیا کہ وہ اپنی نشستوں پر بیٹھے رہیں اور مذکورہ سٹینڈز میں موجود افراد کے باہر نکلنے کے لیے راستہ چھوڑ دیں۔

رواں سیزن میں اس میچ سے قبل مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 37 میچوں میں 63 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ بورن متھ کا درجہ 16واں ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close