جاپانی وزیر خارجہ کا دورہ جی ایچ کیو، آرمی چیف سے ملاقات
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپانی وزیر خارجہ تاروکونو نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جاپانی وزیر خارجہ تارو کونو نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جاپانی وزیر خارجہ کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔ جس میں جاپانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن واستحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی جنگ میں پاکستان سے تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے جاپانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں جی ایچ کیو کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا جب کہ اس موقع پر آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کے اعتراف پر جاپانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔