سرکاری میڈیکل کالجوں سے بھی حساب لیا جائے ،پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی سپریم کورٹ میں درخواست
لاہور: سرکاری میڈیکل کالجوں کی تمام تر تفصیلات طلب کرنے کے لئے پاکستان پرائیویٹ میڈیکل کالجز ایسوسی ایشن کی جانب سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔پاکستان پرائیویٹ میڈیکل کالجز ایسوسی ایشن پنجاب کے ڈاکٹر جاوید اصغر نے یہ متفرق درخواست بیرسٹر علی ظفر کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے تمام نجی میڈیکل کالجز سپریم کورٹ کے حکم پر اپنی تمام تفصیلات جمع کرا رہے ہیں، پرائیویٹ میڈیکل کالجز پی ایم ڈی سی کے رولز اینڈ ریگولیشن پر مکمل عملدرآمد کر رہے ہیں، بیشتر سرکاری کالج پی ایم ڈی سی کے رولز اینڈ ریگولیشن پر عملدرآمد نہیں کر رہے، میڈیکل کی بہترین تعلیم کو یقینی بنانے کے لئے سرکاری میڈیکل کالجوں کا ریکارڈ بھی طلب کیا جائے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سرکاری میڈیکل کالجوں کے فنڈز گرانٹس کی تفصیلات بھی طلب کی جائیں، پرائیویٹ اور سرکاری میڈیکل کالجوں کے درمیان فیس کا موازنہ بھی کیا جائے، درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ تفصیلات طلب کرنے سے پرائیویٹ اور سرکاری میڈیکل کالجوں کی فیسوں اور گرانٹس کا غیر جانبدارانہ موازنہ کیا جا سکے گا۔ درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت تمام سرکاری میڈیکل کالجز کی فنڈنگ اور گرانٹس سمیت دیگر تمام تفصیلات طلب کرے اور سرکاری میڈیکل کالجَ سے منسلک ٹیچنگ ہسپتالوں کے اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کی جائیں۔