سندھ

ایم کیو ایم ایک دھبہ ہے، اتحاد بنا کر پیپلز پارٹی کا مقابلے کریں گے، پرویز مشرف

کراچی: آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ایک دھبہ ہے ، کراچی کے عوام ساتھ دیں، نیا اتحاد بنا کر پی پی کا مقابلے کریں گے ، پیپلزپارٹی ، ایم کیو ایم اور اے این پی نے اسلحہ دے کر کراچی کے لوگوں کو لڑایا، ہمیں ان سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شب اے پی ایم ایل کے تحت لیاقت آباد نمبر 10 فلائی اوور پر جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے ، لیکن وہ سمجھ لے کہ ہماری فوج اور دفاع بہت مضبوط ہے ،پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے، ملک کی سیاست میں تبدیلی کی ضرورت ہے، ہم خیال لوگوں کے ساتھ مل کر نیا اتحاد بنا رہے ہیں۔عوام ہمارا ساتھ دیں ، کراچی کے لوگوں کو استعمال کیا گیا، کراچی میں لاشیں ملتی تھیں، کچھ سیاسی قوتیں دباؤ کے ذریعے عوام کو لڑواتی رہیں، کراچی میں خاندان کے خاندان تباہ ہوگئے، میں بھی مہاجر ہوں لیکن میں اپنے آپ کو مہاجر نہیں سمجھتا، میں سب سے پہلے پاکستانی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا نام ایک دھبہ ہے ، مہاجر ایک پڑھی لکھی قوم ہے ، ایم کیو ایم نے مہاجروں کو تباہ کر دیا۔ اے این پی نے کٹی پہاڑی میں پٹھانوں کو اسلحہ دیا، ایم کیو ایم نے مہاجروں کو اسلحہ دیا ، پیپلز پارٹی نے لوگوں کو اسلحہ دیا، لوگوں کو ایک دوسرے سے لڑوایا، ہمیں اس سیاست سے چھٹکارہ حاصل کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایم کیو ایم یا پی ایس پی کی طرف جھکوں،ہم ایک ہیں، ہم سب ملیں گے تو یکجہتی ہو گی اور ایک بھرپور طاقت بن کر اُبھریں گے اور الیکشن جیتیں گے ۔ پیپلز پارٹی کا اس وقت سندھ میں مقابلہ کرنے والا کوئی نہیں ہے ،ہم سیاسی لوگوں کو ملائیں گے ، پیپلز پارٹی کا مقابلہ کریں گے ۔ اب جو اتحاد بنے گا اُس کو نیا نام دیا جائے گا اور ہماری کوشش ہو گی کہ ہم حکومت بنائیں،ہم تعلیم صحت، امن و امان اور دیگر مسائل کو حل کریں گے ،اگر ہم حکومت نہیں بنا سکے تو ہم کچھ نہیں کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کراچی سندھ نہیں تو وہ غلط سمجھتا ہے ، کراچی ہمیشہ سندھ کا حصہ رہے گا ، سندھ کے دیہی اور شہری علاقے ایک ہونے چاہئیں، ایم کیو ایم اور مہاجر کے کوزے میں عوام تیس سال سے بند ہیں، اس سے کچھ حاصل نہیں ہوا، اس سے صرف بتاہی ہوئی ہے ، آپ نے جو نام پایا ، وہ نام را کا ایجنٹ، ٹارگٹ کلر، بھتہ خور اور دہشت گرد ہے ،میرے ساتھ چلو، میں ان دھبوں کو ختم کراؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ، مسلم لیگ (ن) پنجاب ، اے این پی پٹھان، ہمیں قومیتوں کی سیاست کو ختم کرنا ہے ، پہلے پاکستانی ہیں پھر سندھ کے ہیں اور پھر کراچی کے ہیں ، میرے زمانے میں تو کوئی سندھی اور کوئی مہاجر نہیں تھا، سب بھائی تھے ،اب کراچی اور سندھ میں کامیاب ہوں گے تو پیپلز پارٹی کو ٹکر دیں گے اور حکومت بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پورے پاکستان سے قومیتیں ختم کرنی ہیں اور پاکستانیت کو پھیلانا ہے ۔ میری بدقسمتی کہ مجھے جانا پڑا ، میں نے اُس وقت کہا تھا کہ پاکستان کا اللہ ہی حافظ ہے ، پاکستان کبھی ختم نہیں ہو سکتا، اس کی حفاظت کریں گے ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close