جے یو آئی نے انتخابات میں آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ سے مقابلے کیلئے امیدواروں کا اعلان کردیا
جیکب آباد: جمعیت علماء اسلام (ف) نے آئندہ انتخابات میں آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ سے مقابلے کے لئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام نے آئندہ انتخابات میں سابق صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مقابلے کے لئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے، جے یو آئی کی جانب سے مولانا عبدالقیوم ہالیجوی سابق صدر آصف علی زرداری، جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مرکزی رہنما انجینئر عبدالرزاق لاکھو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مد مقابل امیدوار ہونگے۔
جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما انجینئر عبدالرزاق لاکھو نے اس سلسلے میں جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو تباہ کردیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ عوام بیدار ہوجائے اور سندھ دشمنوں کے خلاف اپنا ووٹ استعمال کرکے ان کو شکست دیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 فروری کو ہٹڑی بائے پاس پر منعقدہ جلسہ عام سے اپنی مہم کا آغا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی بڑی سیاسی جماعت کے طور پر سندھ بھر میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرے گی اور انشاء اللہ پیپلز پارٹی کو بدترین شکست سے دوچار کریں گے۔عبدالرزاق لاکھو کا مزید کہنا تھا کہ جے یو آئی اقتدار میں آکر عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرے گی۔