اسرائیلی وزیراعظم کے 6 روزہ بھارتی یاترا کا آغاز
نئی دلی: اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو 6 روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے ہیں اور ان کے ساتھ 130 رکنی وفد بھی ہے جس میں زیادہ تر کاروباری اور دفاعی شخصیات شامل ہیں۔بھارتی ذرائع ابلاغ نے اس دورے کو تاریخی قرار دیا ہے جس میں دونوں ممالک تجارت اور دفاع کے ساتھ ساتھ سفارتی تعلقات کو فروغ دیں گے۔ نتن یاہو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ مودی سے تفصیلی گفتگو کریں گے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی وزیرِاعظم ممبئی، احمد آباد اور آگرہ بھی جائیں گے۔ نئی دہلی میں 15 جنوری کو انڈو اسرائیل سی ای او فورم منعقد ہوگا جبکہ نتن یاہو 16 جنوری کو ایک بڑی تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ بھارتی صدر رام ناتھ کووند سے بھی ملیں گے۔نتن یاہو کے دورے کے موقع پر تین مورتی یادگار کو تین مورتی حیفہ چوک کا بھی نام دیا گیا ہے۔ جبکہ دونوں سربراہان اس موقع پر مہمانوں کی کتاب پر دستخط کرکے اپنے تاثرات تحریر کریں گے۔واضح رہے کہ سال 2003 میں سابق اسرائیلی وزیرِاعظم ایریئل شیرون نے بھارت کا دورہ کیا تھا جبکہ اب 15 برس بعد کسی اسرائیلی وزیرِاعظم کا یہ پہلا بھارتی دورہ ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس جولائی میں وزیرِاعظم نریندر مودی اسرائیل کا دورہ کرچکے ہیں۔اس موقع پر اسرائیلی وزیرِاعظم نے کہا کہ بھارت ایک عالمی طاقت ہے اور اسرائیل کے لیے ایک نعمت ہے۔ ان دونوں ممالک کے درمیان، معاشی، سیکیورٹی، سیاحتی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے۔دوسری جانب تیل و گیس کی تلاش، رینیوایبل انرجی، ایئرپورٹ پروٹوکولز، سائبر سیکیورٹی، مشترکہ فلم سازی کے مفاہمتی معاہدوں کی یادداشت پر بھی دستخط ہوں گے۔